ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / سیاسی بحران کی وجہ نہ تو ایران ہے اور نہ ہی الجزیرہ: قطرکے وزیر خارجہ کا بیان

سیاسی بحران کی وجہ نہ تو ایران ہے اور نہ ہی الجزیرہ: قطرکے وزیر خارجہ کا بیان

Wed, 14 Jun 2017 15:50:41  SO Admin   S.O. News Service

دوحہ،13جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ حالیہ سفارتی بحران کی اصل وجوہات کے بارے میں علم نہیں ہے لیکن اتنا معلوم ہے کہ بحران کی وجہ 'نہ تو ایران ہے اور نہ ہی الجزیرہ۔پیرس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ قطر مذاکرات کے لیے تیار ہے اور خلیج کی سکیورٹی کے حوالے سے جو بات چیت کرنی ہے اس کے لیے تیار ہے۔قطر کے وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں مزید کہا 'خارجہ امور سے تعلق رکھنے والی باتیں کے بارے میں کسی کو بات کرنے کا حق نہیں ہے۔'انھوں نے کہا کہ قطر پر لگائے جانے والے الزامات پر بات چیت واضح بنیادی اصولوں پر ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک قطر کا اندرونی معاملہ ہے اور قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے اور اس پر پابندیاں لگانے والے ممالک کے ساتھ اس میڈیا نیٹ ورک کی قسمت کے بارے میں کوئی بات نہیں کی جائے گی۔قطر کیاندرونی معاملات کے حوالے سے فیصلے قطر کی خود مختاری کے فیصلے ہیں اور کسی کو ان میں دخل اندازی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطر پر فضائی پابندیاں صرف ان ایئر لائنز کمپنیوں پر ہیں جو قطر کی ہیں یا وہاں رجسٹر ہوئی ہیں۔متحدہ عرب امارات کے علاوہ سعودی عرب اور بحرین نے بھی فضائی پابندیوں کے حوالے سے بیان میں یہی کہا ہے کہ فضائی پابندیاں صرف ان ایئر لائنز کمپنیوں پر ہیں جو قطر کی ہیں یا وہاں رجسٹر ہوئی ہیں۔تینوں ملکوں کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات میں کہا گیا ہے کہ 'فضائی پابندی قطر کی ایوی ایشن کمپنیوں اور ان جہازوں پر ہے جو قطر میں رجسٹر ہیں۔دریں اثنا مراکش نے خوراک سے بھرا ایک جہاز قطر کے لیے روانہ کیا ہے۔

مراکش کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خوراک بھیجنے کا تعلق قطر اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی بحران سے نہیں بلکہ یہ محض قطری عوام کے لیے ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، یمن اور مصر نے قطر پر انتہا پسندی کو فروغ دینے کے الزام لگانے کے بعد اس سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔ان ممالک نے قطر پر سفری پابندیاں بھی لگائی ہیں۔ قطر نے تمام طرح کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان پابندیوں کو اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔


Share: